محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 20.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ہوا میں نمی کا زیادہ تناسب 95 فیصد ہونے کی وجہ سے حبس کی کیفیت محسوس کی جا سکتی ہے۔ شہر میں شمال مغربی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث گرمی بڑھے گی، لہذا شہری بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔دوسری جانب ایران میں حالیہ صورتحال کے سبب ہوائیں آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی حصوں تک پہنچا سکتی ہیں، جس سے وہاں فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشکی توقع ہے، اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی