گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی کے علاقے سرجانی میں نادرا کے نئے میگا سینٹر کا افتتاح کردیا۔نادرا حکام کے مطابق نوتعمیر شدہ عمارت میں معمر اور خصوصی افراد کیلئے علیحدہ کائو نٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ انہیں سہولت فراہم کی جا سکے۔ میگا سینٹر میں مجموعی طور پر 20 ون ونڈو کائو نٹرز بنائے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سینٹر میں بیک وقت 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ وسیع انتظار گاہ بھی قائم کی گئی ہے، جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو نادرا کی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔میگا سینٹر کے قیام سے سرجانی اور اطراف کے لاکھوں رہائشیوں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ سینٹر میں زونل دفتر کی موجودگی کے باعث شہریوں کو عائشہ منزل جانے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی