وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کا اپنا ہے اس میں ہم کچھ نہیں کر سکتے، ہم نئے گورنر نہال ہاشمی کو ویلکم کرتے ہیں، ہمارا کسی سے اختلاف نہیں ہے ،سندھ حکومت نئے گورنر سے تعاون کرے گی، نئے آنے والے گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں، پچھلے گورنر سے بھی تعاون کیا تھا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے ایکسپو سینٹر کراچی میں گل پلازہ بازار کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر اور بی ایم جی کے سربراہ زبیر موتی والا نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار کے ہمراہ موجود تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ نئے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی سے امید ہے کہ وہ آئینی کردار ادا کریں گے، سندھ حکومت نے پہلے گورنر سے بھی تعاون کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اختلاف کی طرف نہیں جانا سب نے مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے، وزیراعظم کی صوابدید ہے جسے چاہیں گورنر لگائیں، ہمارا کسی سے کوئی سیاسی جھگڑا نہیں، وہ دن دور نہیں جب کراچی پھر خطے کا معاشی حب بنے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کے سی سی آئی اور سندھ حکومت کے تعاون سے ایکسپو سینٹر میں گل پلازہ متاثرین کے 500 سے زائد اسٹال لگائے، صوبائی حکومت نے متاثرین کی مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، ہر مشکل گھڑی میں تاجر برادری کے ساتھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ایک ایک شخص کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے، اگلی عید پر گل پلازہ متاثرین اپنی دکانوں میں ہوں گے، چاہے کتنے بھی پروپیگنڈا ہو پوری سندھ حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، کچھ لوگ بدترین سیاست کی کوشش کریں لیکن حکومت آپ کے ساتھ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کر رہے ہیں میئر کراچی مرتضی وہاب بھرپور کوشش کر رہے ہیں، کراچی کی سڑکیں بن رہی ہیں، شہر کی روشنیاں اور خوبصورتی بھی بحال ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ کی قیادت میں سندھ پولیس نے کچے میں جو آپریشن کیا وہ مثالی ہے، راتوں رات چیزیں ٹھیک نہیں ہوتیں کچے کے علاقے اب پرسکون ہیں، کچے میں رات کو اکیلے بھی سفر کر سکتے ہیں، کچے کے ڈاکو مارے گئے ہیں یا پھر سرنڈر کر چکے ہیں۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سندھ پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن کافی عرصے سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کم ہوا ہے، اچھے آفیسرز اور سیاسی قیادت مل کر شہر کے مسئلے حل کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں کہ کراچی پورے خطے کا معاشی حب بنے گا، ہم سب کراچی اور پاکستان کو مل کر ترقی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے شعبے پر بھی کام ہو رہا ہے، کراچی میں سٹریٹ کرائم کافی کم ہوئے، اس وقت سندھ میں ایک بھی مغوی نہیں، کچے میں ڈاکو مارے گئے یا انہوں نے سرنڈر کردیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ پولیس کی تعیناتی کو موثر بنانے کے لیے غیر ضروری سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوامی تحفظ اور بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی