گلگت بلتستان میں حکومت سازی اور اختیارات کی تقسیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان پاور شیئرنگ کا فارمولہ طے پا گیا ۔ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق مطابق پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے گلگت بلتستان پاور شیئرنگ فارمولے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ طے پانیوالے فارمولے کے تحت استحکام پاکستان پارٹی کو گلگت بلتستان کی کابینہ میں نشستوں کے تناسب سے حصہ دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پی کی جانب سے گلگت بلتستان کابینہ میں چار وزارتوں کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم فارمولے کے تحت آئی پی پی کو کابینہ میں دو وزارتیں ملنے کا امکان ہے، جن میں سے ایک اہم وزارت شامل ہوگی۔پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے ابھی تک اپنی ترجیحی وزارتوں کے نام فراہم نہیں کیے ہیں۔ ناموں کی فراہمی کے بعد کابینہ کی حتمی تشکیل اور وزارتوں کے قلمدان سونپے جانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی