لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ اور مناسب لائٹس کیبغیر کمرشل گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ اب صرف وہی کمرشل گاڑیاں شہر میں داخل ہو سکیں گی جن کے ڈرائیورز کے پاس موثر اور درست ڈرائیونگ لائسنس موجود ہوگا۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ بغیر فرنٹ اور بیک لائٹس، ہائی بیم کے غلط استعمال اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ریت، مٹی یا دیگر سامان لے جانے والی لوڈر ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال کے بغیر سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ اور خصوصی چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز خود کریک ڈاون کی نگرانی کریں گے تاکہ ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے، تمام کمرشل ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی