فیصل آباد میں چلڈرن ہسپتال سے اغوا ہونے والی دو ماہ کی بچی ذنیشہ کو پولیس نے چوبیس گھنٹوں سے بھی کم وقت میں بازیاب کرا لیا، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمہ حفیظاں بی بی کو گرفتار کرلیا گیا۔آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بچی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ میں درج کیا گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لایا اور بچی کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ پولیس نے جدید وسائل کے استعمال سے قلیل وقت میں ملزمہ تک رسائی حاصل کی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور اہم حقائق سامنے آنے پر میڈیا سے شیئر کیے جائیں گے۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے سی پی او بلال عمر اور ان کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔سی پی او نے پولیس ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔بازیاب ہونے والی ننھی ذنیشہ کو والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمہ پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔دریں اثنا وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نومولود کے اغوا کا واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد 5 منٹ میں ملزمہ کو کامیابی سے ٹریس کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ فیصل آباد چلڈرن اسپتال سے اغوا نومولود 5 منٹ میں بازیاب کرالیا گیا، سیف سٹی کیمرہ نیٹ ورک کی مدد سے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا، بچہ والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ چلڈرن اسپتال سے صبح 10 بجکر 47 منٹ پر نومولود کے اغوا کا واقعہ رپورٹ ہوا، سیف سٹی سرویلنس ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اسپتال اور سیف سٹی کیمروں سے 5 منٹ میں ملزمہ کو کامیابی سے ٹریس کرلیا گیا، یہ نظام صرف چند دن پہلے میری ہدایات پر نافذ کیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ الحمدللہ شیرخوار بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کیاگیا، چوکس، ہمدرد اور فوری ردعمل قابل تعریف ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ آج لائیونگرانی میں ایک پرندے کا پتنگ کی ڈورمیں پھنسے ہونے کا انکشاف ہوا، فوری رابطے سے ریسکیو ٹیم بروقت پہنچی جس نے پرندے کو کامیابی سے بچا لیا۔انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کن ردعمل اس پنجاب کی عکاسی کرتا ہے جس پرمجھے فخر ہے، وزیراعلی پنجاب نے پتنگ کی ڈور میں پھنسے پرندے کو آزاد کرانے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی