فیصل آباد میںکروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث نیشنل بینک کے سابق مینیجر کو گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نیشنل بینک آف پاکستان کی سرگودھا روڈ برانچ کے سابق مینیجر کاشف شہزاد کو شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے بینک اکائونٹس میں موجود 3 کروڑ 67 لاکھ روپے کی رقم بھی منجمد کر دی گئی ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کاشف شہزاد نے ایک شہری سے بینک اسٹیٹمنٹ اور سرمایہ کاری کے جھانسے میں 4 کروڑ 22 لاکھ روپے ہتھیائے۔ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم شہریوں کی رقوم غیر قانونی طور پر نجی اکانٹس میں منتقل کرنے میں ملوث تھا۔ اس فراڈ گینگ میں ویزا کنسلٹنٹ شاہد وقاص، دیگر بینک مینیجرز اور عملہ بھی شامل ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف 8 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے کیس میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی