i پاکستان

فیصل آباد ، زیر تعمیر عمارت کی عارضی لفٹ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق، ایک زخمیتازترین

April 03, 2026

فیصل آباد میں اقبال سٹیڈیم کے قریب زیرِ تعمیر عمارت میں عارضی لفٹ گرنے کے نتیجے میں 3 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور دن بھر کا کام مکمل کرنے کے بعد سامان سمیٹ رہے تھے، اچانک لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے باعث لفٹ تیزی سے نیچے آگری اور اس میں موجود مزدور اس کی زد میں آ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی مزدور کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا

جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق لفٹ عارضی طور پر تعمیراتی کام کے لئے نصب کی گئی تھی اور اس کی حالت پہلے سے ہی غیر تسلی بخش تھی، مزدوروں نے کئی بار انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا تھا تاہم حفاظتی اقدامات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا، حکام کا کہنا ہے کہ اگر غفلت یا لاپروائی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی