i پاکستان

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کا بھرم توڑ کر دنیا پر احسان کیا، ساجد تارڑتازترین

October 09, 2025

امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے رہنما ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کا بھرم توڑ کر دنیا پر احسان کیا، اب ٹرمپ انتظامیہ کو احساس ہوگیا بھارت پر سرمایہ کاری سود مند نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد تارڑ نے کہا کہ "جو کچھ 10 مئی کو ہوا، میں اسے امریکہ پر فیلڈ مارشل صاحب کی سب سے بڑی نیکی سمجھتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 10 مئی کے روز ایک فیصلہ کن اقدام کے ذریعے نہ صرف بھارت کے جنگی دعووں کی قلعی کھول دی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا دفاعی وقار بلند کیا، یہ اقدام امریکہ کیلئے ایک "آنکھیں کھولنے والا لمحہ ثابت ہوا۔رہنما ریپبلکن پارٹی نے کہا پچھلے 24 سال سے امریکہ یہ سمجھتا رہا کہ چین کے خلاف بھارت ایک قابلِ بھروسا اتحادی ہو سکتا ہے، لیکن صرف 45 منٹ کی جنگ میں بھارت کی اصل حیثیت واضح ہو گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو بھی اس حقیقت کا ادراک ہوا کہ بھارت پر طویل المدتی سرمایہ کاری سودمند نہیں۔ساجد تارڑ نے کہا کہ "اب امریکہ، بھارت کو اس تناظر میں نہیں دیکھ رہا جس طرح ماضی میں دیکھتا تھا۔ساجد تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں اپنی دفاعی صلاحیتوں میں زبردست بہتری لائی ہے، جس کا کریڈٹ وہ براہِ راست فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیتے ہیں۔

"پاکستان کے ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے مضبوط ہو رہے ہیں اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک بھی پاکستان کی نئی دفاعی صلاحیتوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ریپبلکن پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان اب صرف نایاب معدنیات تک محدود نہیں رہا، بلکہ بٹ کوائن اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں بھی نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ساجد تارڑ نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنرل عاصم منیر کو ہمیشہ "فیلڈ مارشل کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، جو ان کے میدانِ جنگ میں کردار کو تسلیم کرنے کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو ہونے والے واقعے کی سیٹلائٹ فوٹیجز عالمی سطح پر دستیاب ہیں، اور امریکہ کی قیادت جانتی ہے کہ کیا ہوا، لیکن سفارتی مصلحتوں کے باعث کھل کر بات نہیں کی جا رہی۔ ساجد تارڑ نے بھارت کی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ساجد تارڑ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ کی حکمت عملی دنیا میں امن لانے میں کامیاب ہو رہی ہے، اور غزہ کے حوالے سے حالیہ اقدامات کو تاریخی قرار دیا جا سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی