پاکستان کے فضائی شعبے کی خودکفالت کے لئے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا گیا۔ملک میں پہلی بار یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے معیار کے مطابق ایئرکرافٹ مینٹی ننس، ریپیئر اینڈ اوورہال مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ مینٹی ننس ہینگر اورپائلٹس کی تربیت کے لیے جدید فلائٹ سیمولیٹر بھی بنایا جا رہا ہے ۔ نجی فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی نورٹک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یہ خصوصی مرکز قائم کر رہی ہے۔ خصوصی مرکز کے قیام کے بعد ایئربس اے 318، اے 319 سمیت دیگر طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال کی جائے گی ۔ایئر بلیو لمیٹڈ بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایک جدید طیارہ مینٹی ننس ہینگر تعمیر کر رہی ہے ۔ اس ہینگر کی بدولت طیاروں، انجینئروں، تکنیکی عملے اور مرمت کے آلات کو موسمی حالات سے تحفظ حاصل ہوگا۔
ایئر بلیو لمیٹڈ کے منصوبے سے کمرشل ایئرلائنز کو بھی مقامی سطح پر مرمت اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی جا سکیں گی ۔ایئر بلیواپریل2027تک ایک جدید فلائٹ ٹریننگ سینٹر اور فل فلائٹ سمیولیٹر کی سہولت بھی قائم کر رہی ہے۔ یہ تمام منصوبے وزارتِ دفاع کے ایوی ایشن سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں۔منصوبے میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی انتظامی تعاون جبکہ نگرانی اور ریگولیٹری امور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی انجام دے گی ۔ یہ منصوبے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک علاقائی مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی