i پاکستان

دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے،آئی ایس پی آرتازترین

May 29, 2026

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ میں حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے عیدالاضحی کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی، نماز کے بعد پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ان شہدا کے لئے بھی دعا کی گئی جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے غیر معمولی حوصلے، مضبوط عزم، آپریشنل تیاری اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مقابلے میں مسلسل چوکسی کو سراہا۔

انہوں نے ملک کو دہشت گردی کے خطرے اور دشمن عناصر کی سازشوں سے محفوظ رکھنے پر فوج کے بے مثال عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور اس کے نیٹ ورکس نے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے غیر انسانی اور وحشیانہ اقدامات نہ تو پاک فوج کے عزم کو کمزور کرسکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کے حوصلیکو، دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی