i پاکستان

دو ماہ میں سی ٹی ڈی کے 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 را ایجنٹوں سمیت 54 دہشت گرد گرفتارتازترین

August 01, 2026

کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف شہروں میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے 5 ایجنٹوں سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم سمیت دیگر شہروں میں کی گئیں۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 12 آئی ای ڈی بم، 42 ڈیٹونیٹر، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی ۔ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں وارث، نصر، منور، زاہد اور انعام اللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق اسی عرصے میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں ایک ہزار 193 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی