چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بشری بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ بشری بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بشری بی بی کے علاج کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے، آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کی درخواست کرتا ہوں، ہم بانی سے ان کے فیملی ممبران کی ملاقات کا بھی انتظار کر رہے ہیں، علاج معالجے تک رسائی بنیادی اور قانونی حق ہے۔ دو سری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا کہ بشری بی بی کی صحت سے متعلق خبریں نہایت تشویشناک ہیں
پنجاب حکومت کی جانب سے بشری بی بی کی صحت اور ہسپتال منتقلی کے معاملے پر غفلت اور خاموشی افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بشری بی بی ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، پنجاب حکومت کا سیاسی انتقام پر مبنی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کو کمزور کرنے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے ہتھکنڈے پہلے بھی ناکام رہے ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گے، عمران خان کو کمزور کرنا بغیر مینڈیٹ والی وفاقی اور پنجاب حکومتوں کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی