i پاکستان

برطانوی ہائی کمیشن کے وفد شرجیل میمن کی رہائش گاہ آمد، اہم امور پر تبادلہ خیالتازترین

July 23, 2026

برطانوی ہائی کمیشن کے اعلی سطح کے وفد نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی رہائش گاہ پر سندھ حکومت کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کی۔ملاقات میں سرمایہ کاری، نوجوانوں کی فنی و تکنیکی مہارتوں کے فروغ، ماحولیات، خواتین کو بااختیار بنانے، دوطرفہ تعاون، پاکستان کو درپیش چیلنجز، خطے کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی وفد میں پولیٹیکل کونسلر نکول رابرٹس، ڈپٹی ہائی کمشنر ٹام برج، سیکنڈ سیکریٹری (پولیٹیکل) سیم پلیس، ہدی اکرام اور سارہ پینگ شامل تھے، جبکہ سندھ حکومت کے وفد کی قیادت سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کی۔وفد میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، معاونینِ خصوصی قاسم نوید قمر، قاسم سراج سومرو اور رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی بھی شریک تھے۔سندھ حکومت کے وفد نے برطانوی وفد کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت سندھ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد کو عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، روزگار، خواتین کے بااختیار بنانے، ماحولیاتی تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔برطانوی وفد نے سندھ حکومت کے عوامی فلاح، خواتین کی ترقی، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں مثبت پیش رفت قرار دیا۔ملاقات کے دوران سندھ حکومت کے وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم سے بھی برطانوی وفد کو آگاہ کیا اور عالمی برادری سے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے موثرکردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسیں متعارف کرا کے انقلابی اقدام کیا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ان کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہوگی اور وہ معاشی و سماجی طور پر مزید مضبوط ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ چند برس قبل خواتین کے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے درخواست دینے والوں کی تعداد تقریبا 450 تھی، جو اب بڑھ کر 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ یہ تبدیلی اس روایتی سوچ کو بدلنے میں مددگار ثابت ہوئی ہے کہ خواتین گاڑی یا موٹر سائیکل نہیں چلا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے اور جلد الیکٹرک ٹیکسی سروس بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جس میں خواتین ڈرائیورز، خواتین مسافروں کو سفری سہولت فراہم کریں گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کر کے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر متعارف کرایا گیا "آئی ورک فار سندھ" پلیٹ فارم نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا موثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے، جبکہ فنی اور تکنیکی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سندھ کے نوجوان دنیا کے کسی بھی حصے میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا ہائوسنگ منصوبہ ہے۔

اس منصوبے میں متاثرہ خاندان اپنے گھر خود تعمیر کر رہے ہیں، جس سے ان کی تعمیراتی مہارتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ گھروں کی ملکیت خواتین کے نام منتقل کی جا رہی ہے تاکہ انہیں سماجی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو مفت بیج اور کھاد فراہم کر رہی ہے، جس کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، برطانیہ کے سرمایہ کار ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اور برطانوی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ برطانیہ کی معروف جامعات سندھ میں اپنے کیمپس قائم کریں تاکہ ہزاروں پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم مقامی سطح پر حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پاک و برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کی غرض سے مشترکہ ورکشاپ کے انعقاد کیلئے بھی تیار ہے، جس کا مقصد باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے برطانوی وفد کو بلدیاتی حکومتوں کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر مثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی