امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے واشنگٹن ڈی سی میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں سیکرٹری روبیو نے صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت اور بانی رکن کی حیثیت سے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ترجمان کے مطابق مارکو روبیو نے بلوچستان میں 31 جنوری کے ہولناک حملوں اور اسلام آباد میں 6 فروری کو ہونے والے تباہ کن بم دھماکے پر اپنی تعزیت پیش کی، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
امریکی سیکرٹری سٹیٹ نے واشنگٹن میں حالیہ تنقیدی معدنیات کی وزارتی اجلاس میں بھی پاکستان کی شرکت کا خیر مقدم کیا، انہوں نے اہم معدنیات اور توانائی کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ امریکی کمپنیوں کیلئے تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔امریکی وزیرخارجہ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ آج انہوں نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور اس ملاقات میں اسٹریٹجک تعلقات، کریٹیکل منرلز ، ڈیولپمنٹ اور انسداد دہشتگردی کے امور پر بات ہوئی۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ امن منصوبے میں پاکستان کی معاونت اور بورڈ آف پیس میں شمولیت پر پاکستان کو سراہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی