خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امن کمیٹی اور محکمہ پولیس کے درمیان 11 نکاتی معاہدہ طے پایا گیا۔معاہدے کے تحت امن کمیٹی کے ارکان دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کے پابند ہوں گے جبکہ پولیس اور امن کمیٹی مشترکہ طور پر قیامِ امن کیلئے کام کریں گے۔رپورٹ کے مطابق معاہدے کی دستاویز پر پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی شیرافضل مروت، نسیم علی شاہ اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی پختون یار اور امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ کے دستخط موجود ہیں ۔ معاہدے کے تحت امن کمیٹی کے ارکان مشکوک سرگرمیوں اور دہشت گردوں سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
امن کمیٹی ارکان کو قانون ہاتھ میں لینے،غیر قانونی سرگرمیوں اور پولیس کے خلاف کسی بھی قسم کی مزحمت سے گریز کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ معاہدے میں پولیس کی جانب سے امن کمیٹی کے ارکان کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، کمیٹی ارکان عوام میں امن و امان کے قیامکیلئے پولیس سے تعاون کریں گے ۔ پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان کسی بھی اختلاف کی صورت میں معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ امن کمیٹی کے ارکان کے جائز مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات کرے گی۔ معاہدے میں پولیس اور امن کمیٹی نے بنوں میں، قیامِ امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی