i پاکستان

بنوں میں تھانہ میریان کے باہر بم دھماکہ، بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، 20 زخمیتازترین

February 16, 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ میریان کے مرکزی گیٹ کے باہر بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ضلع باجوڑ میں قانون شکن عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق بنوں میں دہشتگردوں نے بارود سے بھرا زرنج رکشہ تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرایا، جبکہ ایک موٹر سائیکل میں بھی آئی ای ڈی نصب کی گئی تھی جو قریبی دکانوں کے سامنے کھڑی تھی۔دھماکے کے وقت تھانے کے باہر دکانیں موجود تھیں جس کے باعث شہری نشانہ بنے۔ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم بچے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ دوسری جانب ضلع باجوڑ میں قانون شکن عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین شہید ہو گئے۔ واقعہ گزشتہ رات تحصیل واڑہ ماموند کے ایک پولیس اسٹیشن پر پیش آیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوئے اور جامِ شہادت نوش کر گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید افسر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائو ں لغڑئی میں ادا کی گئی، جس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی حکام سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔شہید ایڈیشنل ایس ایچ او سوگواران میں بیٹا عبدالرشید اور بھائی تاج محمد، اسرار اور نیاز محمد کو چھوڑ گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی