خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے بروقت اور موثر حکمتِ عملی کے باعث فتنہ الخوا رج کے دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ ناکام بنا دیا ۔پولیس کے مطابق بنوں میں رات گئے تقریبا ڈیڑھ بجے دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے چوکی مزنگہ پر حملہ کیا، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی، فجر تک جاری رہنے والے مقابلے میں دہشتگرد پسپا ہوگئے اور انہیں نقصان بھی اٹھانا پڑا۔واقعے کے بعد بنوں پولیس لائنز سے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں تازہ دم نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ دیگر سکیورٹی فورسز نے بھی علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔
مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے خون کے کئی نشانات ملے جبکہ دہشت گردوں کا چھوڑا گیا اسلحہ اور سامان، جن میں بینڈولیئرز، سیڑھی اور جوتے شامل ہیں، برآمد کر لئے گئے۔مقابلے کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسٹیبل فریداللہ معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشتگرد عوام اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے، کالی بھیڑوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ بنوں پولیس دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر قسم کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی