صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام اور دو تہائی اکثریت حاصل کرنے پر بی این پی اتحاد اور متوقع وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے شاندار انتخابی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے، صدر مملکت نے بنگلہ دیش کی عوام کو کامیاب اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر بھی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان نے جمہوری شراکت داری اور باہمی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،
بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے طارق رحمان کو بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہوں تاکہ اپنے تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی