i پاکستان

بندوق اٹھانے والوں سے بے رحمانہ طریقے سے نمٹنا چاہیے، سرفراز بگٹیتازترین

February 03, 2026

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جو بندوق کے زور پر ملک توڑنا چاہتے ہیں ان سے بے رحمانہ طریقے سے نمٹنا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد بندوق لے کر لڑرہے ہیں۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ امریکا 30سال بعد افغانستان سے واپس گیا اور جو اسلحہ وہاں چھوڑ گیا، وہ اسلحہ بھارتی ایجنسی را کے ہاتھ لگا تو اس نے سب کو بیچ دیا۔صوبے میں تعمیر و ترقی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا تو نہیں ہوسکتا کہ صوبے میں راتوں رات تبدیلی آجائے، اب ہم نئے ڈویژنز اور ڈسٹرکٹ بنانے جارہے ہیں۔وزیراعلی بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں ایسے اضلاع بھی ہیں جن کا رقبہ کے پی کے سے بڑا ہے، ہم ایسے اضلاع کو چھوٹا کرنے جارہے ہیں تاکہ ریاست کی رٹ موجود رہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے 250ارب روپے میں سے بہت بڑی رقم کرپشن کی نذر ہوجاتی تھی، پچھلے سال ہم نے 250ارب روپے میں سے 14ارب مس مینجمنٹ سے بچائے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی میں 1300ملازمین بھرتی کیے گئے اسے بیڈ گورننس کہتے ہیں، اب ہم اپنے گھر سے شروع کرکے پورے بلوچستان میں بہتر گورننس لارہے ہیں۔ سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ ایسے خاندان بھی موجود ہیں جو اپنے آبا اجداد کی زمینوں اور جائیدادوں کو چھوڑنے کیلئے کسی صورت تیار نہیں ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی