i پاکستان

بچوں کا تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی،چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فائونڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخطتازترین

September 28, 2026

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فانڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد (تمغہ امتیاز)اور چیئرپرسن دسترس فائو نڈیشن شائزا شاہد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ہر بچے کو تحفظ، عزت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے مثر حفاظتی اقدامات، عوامی آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی، کمیونٹی آٹ ریچ، مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے کے لئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، اس سلسلے میں بچوں کیلئے سہ ماہی بنیادوں پر چائلڈ پروٹیکشن اور چائلڈ رائٹس آگاہی سیشنز منعقد کئے جائیں گے، جن میں بچوں کے حقوق، ذاتی حفاظت، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ، مثبت رویوں، آن لائن تحفظ اور تشدد و استحصال سے بچا ئوجیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔ معاہدے کے مطابق دسترس فانڈیشن متعلقہ مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے معاونت فراہم کرے گی، اس کے علاوہ والدین، اساتذہ، نگہداشت کنندگان، مذہبی و کمیونٹی رہنمائوں کیلئے بھی مشترکہ آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے معاشرتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اساتذہ کیلئے سہ ماہی تربیتی سیشنز کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں کلاس روم مینجمنٹ، مثبت نظم و ضبط، بچوں دوست تدریسی طریقوں، بچوں سے موثر رابطے اور تحفظ سے متعلق خدشات کی بروقت نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لئے صرف کسی ناخوشگوار واقعے کے بعد ردِعمل دینا کافی نہیں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں، بچوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کی تربیت مثر چائلڈ پروٹیکشن نظام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے، بالخصوص والدین، اساتذہ، مذہبی اور کمیونٹی رہنماں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی اداروں اور مدارس میں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ان کے حقوق اور ذاتی تحفظ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ چئیرپرسن سارہ احمد نے واضح کیا کہ تمام مشترکہ سرگرمیوں میں بچوں کی حفاظت، عزتِ نفس، رازداری اور بہترین مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی، بچوں کی ذاتی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں متعلقہ قانونی تقاضوں، اجازت اور رضامندی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ بچوں کے تحفظ سے متعلق کسی بھی تشویش کی نشاندہی پر متعلقہ حفاظتی طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور دسترس فائونڈیشن کے درمیان یہ اشتراک وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے وژن کے مطابق کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کیلئے محفوظ، معاون اور بچوں دوست ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی