i پاکستان

بھارتی بیان بازی شرمناک، نارووال میں مندر طوفانی بارش سے متاثر ہوا، دفتر خارجہتازترین

September 04, 2026

پاکستان نے نارووال کے اڈا سراج میں مندر کے حوالے سے بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مندر طوفانی بارش سے متاثر ہوا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نارووال مندر پر بھارتی بیان کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، بھارتی وزارت خارجہ نے بیان جھوٹا اور سیاسی مفاد کیلئے دیا۔ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کے برعکس مندرکو 21 جولائی 2026 کو طوفانی بارش کے باعث نقصان پہنچا، مقامی انتظامیہ پہلے ہی سروے کرچکی ہے اور بحالی کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔سجاد حیدر خان نے کہا کہ یہ امر شرمناک ہے کہ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے اور سستی شعبدہ بازی کا سہارا لے رہا ہے، حقائق کو دانستہ طور پر مسخ کرنے کی ایسی کوششیں بھارت میں اقلیتوں کے منظم استحصال اور ان کی عبادت گاہوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے حملوں کے انتہائی ناقص ریکارڈ سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے سے بخوبی آگاہ ہے، اور اسے بھارتی قیادت کو مسلم، سکھ اور مسیحی برادریوں کے خلاف جاری ظلم و ستم پر جواب دہ ٹھہرانا چاہئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی