محکمہ موسمیات نے بارش برسانے والے طاقتور سسٹم کے انٹری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش برسانے والا ایک طاقتور سسٹم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، ایبٹ آباد، مری، گلیات میں بارش متوقع ہے،تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، چند علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے موسم کی نئی صورتحال اور الرٹ جاری کر دیا ۔ شمالی و وسطی علاقوں میں بارش جبکہ جنوبی حصوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے بتایا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت شمالی و وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تاہم، صوبے کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع بشمول سوات، چترال، ایبٹ آباد اور پشاور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور موسم خشک رہے گا۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ دوسری جانب کراچی میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جس کے سبب درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بند رہے گی جبکہ شام کے وقت سمندر کی ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔ شمال مغرب کی جانب سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی میں گرم ترین دن کے دوران ہیٹ انڈیکس اصل درجہ حرارت کے مقابلے میں 4 تا 5 ڈگری اضافے سے 45 ڈگری کے مساوی محسوس ہوا۔شمالی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب دن بھر لو کے تھپیڑے چلے، متوازی سمت کی ہوائوں کے سبب سمندری ہوائیں کئی گھنٹے غیرفعال رہیں۔ادھر استور کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ،استور ویلی روڈ ایک بار پھر بند،بھاری پتھر گرنے سے ایک شخص جاں بحق خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔استور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں کے باعث استورویلی روڈپرلینڈسلائیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے،استورمشین کے مقام پر باری پتھرگرنے سے تین گاڑیاں زدمیں آگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پرجاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو حکام کیمطابق زخمی خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے،علاقے کے مکین شدید مشکلات کاشکارہیں،حکومت کی طرف سے روڑبحالی کاکام سست روی کاشکارہے جس باعث ان مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ سفری دشواریوں کے علاوہ اشیائے خوردو نوش اور ادوائیات کی قلت جیسی مشکلات درپیش ہیں، پھنسے مسافروں اور علاقہ مکینوں نے گلگت بلتستان حکومت سے سڑک کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی