عدالت نے بہاولپور میں کم سن طالبہ سے ریپ کی کوشش کرنے والے مدرسے کے استاد کو 20 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ بہاولپور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد عاشق نے گزشتہ روز گائوں سوہانڑہ آرائیں میں 10 سالہ طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور زیادتی کی کوشش کرنے والے مدرسے کے استاد کو سزا سنادی۔ایڈیشنل سیشن جج بہاولپور نے 20 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق ملک عثمان کی صاحبزادی قاری عبدالعزیز کے پاس قرآن پاک سیکھنے جاتی تھی تاہم 26 فروری 2023 کو وہ مدرسے سے وقت پر گھر نہیں پہنچی تو عثمان دیگر افراد کے ہمراہ مدرسے گیا۔استغاثہ نے بتایا کہ بچی کے والد قاری عبدالعزیز کے کمرے میں گئے تو دیکھا وہ ان کی کمسن بیٹی کو جنسی ہراساں کررہے تھے اور ان کا ریپ کرنے کی کوشش کررہے تھے جب کہ بچی نے اپنے والد کو بتایا کہ قاری کچھ عرصے سے اسے جنسی طور پر ہراساں کررہا تھا۔پولیس نے عثمان کی شکایت پر مجرم کے خلاف تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ بی-377 کے تحت ایف آئی آر نمبر 122/23 درج کر کے گرفتار کر لیا۔جج نے یہ بھی حکم دیا کہ جرمانے کی ادائیگی میں کوتاہی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی