i پاکستان

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری، سردی میں اضافہ ہوگیاتازترین

February 10, 2026

جڑواں شہروں راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور سری کی شد بھی بڑھ گئی ہے ،محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ ایبٹ آباد، ہری پور اور گردونواح میں تیز ہوائو ں کے ساتھ بارش ہوئی، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، کندیاں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی، ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ ر ات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔مری،گلیات اور گرد و نواح میں بارش و برفباری کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور کوہستان میں بارش و برفباری کی توقع ہے۔پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں درجہ حرارت صفر تک گر گیا۔زیارت میں پارہ منفی 1 تک پہنچ گیا جو شدید سردی کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔دیگر علاقوں میں سبی میں 12، تربت میں 16، نوکنڈی میں 11 اور چمن میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ساحلی پٹی بھی سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 14 جبکہ جیوانی میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک خشک اور سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دو سری جانب وادی لیپہ کے سخت موسمی حالات میں بھی پاک فوج عوامی خدمت میں سرگرم عمل ہے۔وادی لیپہ کے دشوارگزارعلاقے میں پاک فوج کے زیرنگرانی مقامی آبادی کیلئے بنایا گیا اسپتال امید کی کرن بن گیا، پاک فوج کے زیراہتمام طبی مرکز میں عوام کو بنیادی اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔پاک فوج کی جانب سے اسپتال میں مقامی آبادی کو فری علاج اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، سخت موسمی حالات اورزمینی راستوں کی بندش کے باوجود پاک فوج کا طبی عملہ عوامی خدمات میں مصروف عمل ہے۔وادی لیپہ کے مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا اسپتال عوام کی زندگیوں کی ضمانت بن چکا ہے، بروقت علاج، فوری طبی امداد اور ہنگامی صورتحال میں دستیاب سہولیات نے کئی قیمتی جانوں کو بچایا ہے۔وادی لیپہ کے عوام نے پاک فوج کے ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کی قابل ستائش خدمات کو بھرپور سراہا، پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی