حکومتِ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کی کوریج کیلئے جناح کنونشن سینٹر میں ایک عالمی معیار کا جدید میڈیا سینٹر قائم کر دیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مرکز کا مقصد ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو کام کے لیے بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق اس میڈیا سینٹر میں تیز ترین انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ متعدد مفت خدمات بھی میسر ہیں تاکہ صحافی بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی رپورٹس بھیج سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی سہولت کے لیے میڈیا سینٹر اور شہر کے بڑے شاپنگ مال میں واقع ہوٹل کے درمیان خصوصی شٹل سروس بھی چلائی جا رہی ہے۔ان اہم مذاکرات کو اسلام آباد ٹاکس کا نام دیا گیا ہے اور حکومت نے اس حوالے سے امریکا اور ایران سے آنے والے صحافیوں اور سرکاری وفود کے لیے ویزہ آن ارائیول یعنی پہنچنے پر ویزہ دینے کی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے۔سینٹر کے اندر صحافیوں کے لیے لیپ ٹاپس اور چارجنگ پوائنٹس سے لیس ورک اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جبکہ بڑی اسکرینوں پر ملکی اور عالمی ٹی وی چینلز کی نشریات دکھائی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ یہاں لائیو کوریج، پریس بریفنگ اور انٹرویوز کے لیے بھی خاص جگہیں مخصوص کی گئی ہیں۔دوسری جانب ہفتے کے روز اسلام آباد کی عام طور پر پرہجوم رہنے والی سڑکیں بالکل سنسان نظر آئیں کیونکہ سیکیورٹی فورسز نے اعلی سطح کے وفود کی آمد سے قبل تمام راستوں کو سیل کر دیا ہے۔حکام نے شہریوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی ہے جس کی وجہ سے پورا شہر کرفیو کا منظر پیش کر رہا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دے دیا گیا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون مکمل طور پر بند رہے گا،کشمیر چوک کلب روڈ سے سرینگر ہائی جانب زیرو پوائنٹ بند رہے گی جبکہ سرینگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ سے جانب سرینا چوک بند رہے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق شکر پڑیاں روڈ، چاند تارہ چوک سے جانب سیونتھ ایونیو بند رہے گی، جناح ایونیو، خیابان چوک سے جانب بلیو ایریا روڈ بند رہے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا کہ فیصل چوک سے ٹریل 3 تک مارگلہ روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی، ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ 11 تا 12 اپریل اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا، جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کریں۔جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والے شہری روات،چک بیلی روڈ، چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں، فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک 9th ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی۔بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ،لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ استعمال کریں جبکہ پشاور سے لاہور جانے والے ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی