معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہاہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا ہوم ورک کر چکے، جامع پلان کے ساتھ آ رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر 2026 کو پی ٹی آئی اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، سفر پشاور سے شروع ہوگا اور رخ اسلام آباد ہوگا، پاکستان بھر سے پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز بھی اسلام آباد کا رخ کریں گے۔شفیع جان نے کہا کہ شروع ہونے والی تحریک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی، پی ٹی آئی اسلام آباد میں سڑکوں پر احتجاج کیلئے تمام تیاری کر کے آئے گی، اسلام آباد مارچ میں ریاستی مشینری شامل نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں یہ کنٹینرز لگاتے ہیں اور خندقیں بھی کھودتے ہیں، مارچ کیلئے مختلف ٹیمیں ہوں گی اگر ایک ناکام ہوئی تو دوسری آگے بڑھے گی۔پشاور میں جلسے کے حوالے سے شفیع جان نے کہا کہ جلسے میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی، جلسے کے مقام کیلئے بنائی کمیٹی سے اعتراض کیا کہ جگہ تین گنا چھوٹی تھی، چار گناہ لوگ جلسہ گاہ سے باہر تھے روڈ بلاک ہونے سے آدھے لوگ پہنچ بھی نہ سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی