نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈاراسلام آباد میں ایک اہم سفارتی تقریب کے دوران گر کر زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے تکلیف کے باوجود دن بھر کی تمام سرکاری ذمہ داریاں جاری رکھیں ۔اسحاق ڈار مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے استقبال کے دوران پھسل کر گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے کندھے پر چوٹ آئی۔نائب وزیر اعظم کے صاحبزادے علی ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ چوٹ کے باوجود اسحاق ڈار نے پورا دن درد کش ادویات لے کر اہم سفارتی ملاقاتیں مکمل کیں۔بیان کے مطابق، رات تقریبا 9 بجے سرکاری بیان کی ریکارڈنگ کے بعد اہل خانہ کے اصرار پر ان کا طبی معائنہ کروایا گیا، جس میں ایکس رے مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیے گئے، تاہم کندھے میں ہئیر لائن فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔علی ڈار کے مطابق آئندہ چند روز تک درد کو ادویات اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کی جانب سے موصول ہونے والی دعائوں اور نیک تمنائوں پر شکریہ بھی ادا کیا۔ذرائع کے مطابق، واقعے کے باوجود اسحاق ڈار کی جانب سے اہم سفارتی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں، جسے حکومتی حلقوں میں ایک مثبت اور ذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی