i پاکستان

اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ،ر آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہباز شریفتازترین

March 28, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعمیرات اور ہائوسنگ سیکٹر پر قائم ٹاسک فورس اور مختلف ورکنگ گروپس نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں کم لاگت گھروں کی فراہمی، نجی شعبے کے کردار اور اس شعبے کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ عوام کو آسان شرائط پر گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے، تعمیراتی شعبے میں تیزی آنے سے ملک میں لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کی سرمایہ کاری کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور ایک قابلِ عمل منصوبہ پیش کیا جائے جس پر فوری عملدرآمد شروع کیا جا سکے۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکمت عملی کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول تعمیراتی ماہرین اور سرمایہ کاروں کو شامل کیا جائے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق موثر فیصلے کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف عوام کو سستی رہائش فراہم کی جا سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی