i پاکستان

اوزون تہہ کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، مریم نوازتازترین

September 16, 2026

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اوزون تہہ کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ اوزون کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اوزون کی تہہ سورج کی خطرناک شعاعوں کے خلاف قدرتی ڈھال کا کام کرتی ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچا ئوکیلئے اوزون کے تحفظ کے اقدامات ضروری ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہماری ذمہ داری ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے، پہلی مرتبہ پنجاب میں گرین فیوچر کے لئے جامع ماحولیاتی پالیسی نافذ کی گئی ہے، جبکہ پنجاب حکومت کلین اینڈ گرین پنجاب کے وژن پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شجرکاری، سموگ کا خاتمہ اور گرین انرجی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ اراضی پر شجرکاری کی گئی اور 5 کروڑ درخت لگائے گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کلین انرجی ویژن کے تحت ہر ضلع اور تحصیل تک گرین الیکٹرو بس سروس چلائی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب میں طلبہ، خواتین اور عوام کو بھی الیکٹرک بائیکس دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرین ٹیکسی کے ذریعے ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے اڑھائی سال میں اتنا کام ہوا جتنا کئی دہائیوں میں نہیں ہوسکا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب سرسبز و شاداب مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے اور محفوظ ماحولیاتی مستقبل کا سفر اب نہیں رکے گا۔مریم نواز نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست طرزِ معاشرت اپنا کر اوزون کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی