i پاکستان

امریکاکا طالبان رجیم کیخلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کا اعلان، اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایتتازترین

February 28, 2026

امریکا نے طالبان رجیم کیخلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان میں امریکی شہریوںکو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں سیاسی امور کی سیکرٹری ایلیسن ہوکر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ امریکاافغان طالبان کے حملوں کیخلاف پاکستان کی حمایت کرتاہے۔ایلیسن ہوکر نے کہا کہ ان کی پاکستانی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں حالیہ کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ امریکا صورت حال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے۔ پاکستان کوطالبان کی جانب سے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ دریں اثنا امریکی حکومت نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث پاکستانی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے جواب میں بڑے شہروں میں اپنی موجودگی بڑھا دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی تنصیبات اور بڑے تجارتی مراکز دہشت گرد تنظیموں کے ممکنہ ہدف بن سکتے ہیں۔

امریکی مشن نے اپنے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ وہ ان علاقوں کا دورہ کرتے وقت، خاص طور پر رش کے اوقات میں، انتہائی احتیاط برتیں۔ امریکی شہریوں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ ذاتی سکیورٹی کے بہترین اقدامات اپنائیں، جیسے اپنے ارد گرد کی خبر رکھنا، بھیڑ سے گریز، اور اپنی سٹیپ رجسٹریشن کو اپ ڈیٹ رکھنا۔امریکی شہریوں کے لیے تجاویز میں کہا گیا ہے کہ احتیاط برتیں اور اگر اچانک فوجی سرگرمیوں کے قریب ہوں تو علاقے سے نکل جائیں۔مقامی میڈیا پر اپ ڈیٹس دیکھتے رہیں۔لو پروفائل رکھیں اور اپنے ارد گرد سے ہوشیار رہیں۔شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔پاکستان کے لیے ملک کی سیکیورٹی رپورٹ کا جائزہ لیں۔دوسری جانب یورپی یونین نے بھی پاکستان اور افغانستان سے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کا مطالبہ کردیا۔سربراہ ای یو خارجہ پالیسی کایاکلاس نے جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے افغان ڈی فیکٹو حکام سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیاکہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی