i پاکستان

امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا تعمیری و مثبت کردار علاقائی استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کیلئے عزم کی غمازی کرتا ہے،رضوان سعید شیختازترین

April 25, 2026

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی سہولت کاری اور تعمیری و مثبت کردار علاقائی استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کیلئے ہمارے عزم کی غمازی کرتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے امریکا کی معروف تعلیمی درسگاہ کولمبیا یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔ سیمینار کا موضوع جیو پالیٹکس میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار تھا جس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی منظر نامے میں ملکی کردار پر بات کی گئی۔ تقریب کا انعقاد کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز کی جانب سے کیا گیا۔نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی سفیر پاکستان کے ہمراہ تھے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں پاکستان-امریکا تعلقات کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کی مختلف جہتوں اور وقت کی ضروریات کے مطابق دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹجک ترجیحات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سہولت کاری اور اس ضمن میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو اجاگر کیا جو علاقائی استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی غمازی کرتا ہے۔سفیر پاکستان نے ملک کی خارجہ پالیسی کیضمن میں پاکستان کے مخصوص جغرافیائی حالات، محل و قوع اور معاشی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس حوالے سے انہوں نے مستقبل کے مواقع اور چیلنجز کے بارے میں بھی شرکا کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دورِ حاضر میں بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے حوالے سے بھی پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں انٹرایکٹو سیشن کے دوران متنوع تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبا نے سفیر پاکستان سے علاقائی سلامتی، اقتصادی سفارت کاری اور پاکستان کے اسٹریٹجک نقطہ نظر سمیت متعدد موضوعات پر گفتگو کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی