i پاکستان

امن وامان کی صورتحال، بلوچستان کے 4 بلدیاتی حلقوں میں آج ہونیوالی پولنگ ملتویتازترین

August 08, 2026

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے چار بلدیاتی حلقوں میں آج9 اگست کو ہونیوالی پولنگ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن کے اعلامیہکے مطابق متعلقہ حلقوں میں پولنگ مزید احکامات تک ملتوی رہے گی، جن حلقوں میں پولنگ ملتوی کی گئی ہے، ان میں خضدار، قلات اور ضلع حب کے مختلف بلدیاتی وارڈز شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق میونسپل کارپوریشن خضدار کے وارڈ نمبر 12 میں 9 اگست کو ہونے والی پولنگ ملتوی کردی گئی ہے، اسی طرح میونسپل کمیٹی قلات کے وارڈ نمبر 13 میں بھی پولنگ کا عمل موخر کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع حب کی یونین کونسل 16 کے وارڈ نمبر 3 اور یونین کونسل 17 کے وارڈ نمبر 5 میں بھی پولنگ نہیں ہوگی۔ مذکورہ چاروں حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ ملتوی کرنے کی وجہ متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو قرار دیا ہے۔بیان کے مطابق موجودہ حالات میں ان حلقوں میں انتخابی عمل کا انعقاد مناسب نہیں، اس لیے امیدواروں اور ووٹرز کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ خضدار، قلات اور حب کے مذکورہ چاروں بلدیاتی حلقوں میں پولنگ مزید احکامات تک ملتوی رہے گی، الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد متعلقہ امیدواروں اور ووٹرز کو آگاہ کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد بلوچستان کے ان چار بلدیاتی حلقوں میں انتخابی سرگرمی متاثرہوگی، متعلقہ انتخابی عملے اور دیگر حکام کو بھی پولنگ ملتوی کئے جانے سے متعلق ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی