i پاکستان

ہالا، علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے کی گاڑی کو حادثہ، گارڈ شدید زخمی، علامہ سومرو محفوظ رہےتازترین

June 29, 2026

صوبہ سندھ کے علاقے ہالا میں سیکھاٹ کے مقام پر قومی شاہراہ پرجے یو آئی سندھ کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب قافلہ بھٹ شاہ سے کراچی کی جانب رواں دواں تھا۔ تیز رفتاری یا دیگر وجوہات کے باعث قافلے میں شامل رضاکاروں کی گاڑی الٹ گئی۔حادثے میں علامہ راشد محمود سومرو محفوظ رہے، جبکہ ان کے گارڈ علی اکبر شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی گارڈ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ ایک اور زخمی کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔علامہ راشد محمود سومرو نے واقعے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں خیریت سے ہوں حادثہ ہماری گاڑی کو نہیں بلکہ رضاکاروں کی گاڑی کو پیش آیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی