عالم اسلام کے عظیم مبلغ ڈاکٹرذاکر نائیک 2 روزہ دورے پر25 اکتوبر کو فیصل آباد آئیں گے، اس موقع پر ان کے صاحبزادے شیخ فاروق ذاکر نائیک بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔چیئرمین مرکزی علماکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے بتایا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک 25اکتوبر کی دوپہرایک بجے مرکزی جامع مسجد گول غلام محمد آباد فیصل آباد میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کریں گے اور 26 اکتوبرکو دن 12 بجے جامعہ سلفیہ شیخوپورہ روڈفیصل آباد میں اساتذہ، طلبااور سول سوسائٹی کے افراد اور 26 اکتوبر کی شام7بجے اظہر اقبال پارک واپڈا سٹی کینال روڈ فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔چیئرمین مرکزی علماکونسل پاکستان نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ان کے بیٹے شیخ فاروق ذاکر نائیک کی فیصل آباد آمدخزاں میں بہار کی مانند ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اللہ تعالیٰ نے دنیا بھر میں بلند مرتبہ عطا فرمایا ہے جن کے ہاتھوں دنیا بھر میں بہت سے لوگ اسلام قبول کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ان کے بیٹے کی پاکستان اور فیصل آباد آمد خوش آئند ہے جن کا نہ صرف فیصل آباد بلکہ مرکزی جامع مسجد گول غلام محمد آباد فیصل آباد آمدپرفقیدالمثال استقبال کیا جائے گانیزجمعہ کا اجتماع بھی تاریخ ساز ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ معزز مہمانوں کے شاندار استقبال کے لئے محمد شفیق کاشف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو انتظامی امور کو بخوبی سر انجام دے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی