i پاکستان

ایم ایل ون منصوبہ 3سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر، تقریباً 2.5 ارب ڈالر لاگت کا تخمینہ ہے، حنیف عباسیتازترین

September 04, 2026

حکومت نے ایم ایل ون منصوبہ(نواب شاہ تا روہڑی سیکشن ) 2.5 ارب ڈالر کی لاگت سے 3 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس سے کراچی تا لاہور سفر کا دورانیہ تقریبا 5 گھنٹے کم ہوگا۔یہ بات وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر ینگ کی سربراہی میں وفدسے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں نواب شاہ تا روہڑی ایم ایل ون سیکشن کی اپ گریڈیشن، فنانسنگ ماڈل، ریلوے کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے اور مستقبل کے سٹریٹجک روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ نواب شاہ تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن پر تقریبا 2.5 ارب امریکی ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور حکومت اس منصوبے کو تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق 183 کلومیٹر طویل نواب شاہ تا روہڑی سیکشن پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مرکزی سرمایہ کاری قرض(انوسٹمنٹ لون) کی منظوری کے عمل کو تیز تر بنانے کی درخواست بھی کی۔محمد حنیف عباسی نے ایم ایل ون کو پاکستان ریلوے کے پورے نظام کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم کوریڈور کی جدید خطوط پر استواری سے کراچی تا لاہور سفر کے دورانیے میں قریبا 5 گھنٹے کی واضح کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹریکس سے ٹرینوں کی رفتار بڑھے گی، ریلوے کی آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی اور عوام کو زیادہ تیز، محفوظ اور قابل اعتماد سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ریلوے اصلاحات اور اس کی مالی پائیداری پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمے میں گورننس کی بہتری، آئوٹ سورسنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ڈیجیٹلائزیشن پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ٹولز کے موثر استعمال سے ریلوے خدمات کو شفاف اور مسافر دوست بنایا جا رہا ہے تاکہ محکمہ مالی خود انحصاری حاصل کر سکے۔فریٹ سیکٹر کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے مقابلے میں ریلوے کے ذریعے سامان کی ترسیل زیادہ سستی اور محفوظ ہے، اسی لیے مسافر ٹرینوں کے ساتھ فریٹ آپریشنز کو وسعت دینا اولین ترجیح ہے۔ ایم ایل ون کی تکمیل سے فریٹ ٹرینوں کی رفتار اور کیپیسٹی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے روہڑی تا پشاور ایم ایل ون کے باقی حصوں کی فنانسنگ کے لیے بھی ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ طویل مدتی شراکت قائم رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اقدامات، جدید انتظامی وژن اور وفاقی وزیرِ ریلوے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی پاکستان میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں میں اپنا بھرپور مالی و تکنیکی تعاون جاری رکھے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی