وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبے کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔ ایف بی آر کا انفورسمنٹ کا نظام بہتربنانا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کے انفورسمینٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں اور ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر ان سے مشاورت کی جائے اور تجاویز لی جائیں۔ نجی شعبے کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمد ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سمیت دیگر متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی