i پاکستان

ایف آئی اے کی کارروائی، غیرقانونی کرنسی، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتارتازترین

September 25, 2026

وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے درج ایف آئی آرکے سلسلے میں لائٹ ہاس میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کرنسی اور ہنڈی، حوالہ میں ملوث ایک اور ملزم کوگرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد کیا گیا، جس میں غیرملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور غیرقانونی ہنڈی حوالہ سے متعلق بڑی تعداد میں اہم ڈیجیٹل شواہد اور قابل اعتراض مواد موجود تھا۔ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ موبائل فون سمیت مزید قانونی کارروائی کیلیے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ موبائل فون سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کا مزید تکنیکی اور فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے غیرقانونی کرنسی کی خرید وفروخت اور ہنڈی حوالہ سرگرمیوں میں ملوث دیگر ممکنہ عناصر اور سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی