سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور موثر جواب دیا اور اپنی سر زمین اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے آپریشن غضب للحق پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور ہر ممکن کوشش کی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک نے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں سمجھانے کی پوری کوشش کی
مگر تمام خلوص اور کاوشوں کے باوجود دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔سابق کپتان نے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان، مجھ سمیت تمام مسلمانوں کی دعا اور آرزو ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم سب اللہ تعالی کی عبادت میں مصروف رہیں نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ یہ پاکستان ہی تھا جو ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، افغانستان کو سمجھنا ہو گا کہ بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے سے سوائے ہزیمت کے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد!
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی