افغان طالبان کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، جنوبی وزیرستان حملے کی ویڈیو عراق کی نکلی۔وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو کو فیک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فورسز پر حملے کی جو ویڈیو شیئر کی گئی تھی وہ دراصل عراق کے علاقے کردستان کی ہے۔وزارت اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو افغان طالبان کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے جاری کی گئی تھی جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ ویڈیو اس سے قبل بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک ایک پروپیگنڈا اکائونٹ سے بھی شیئر کی گئی تھی، جس سے بھارتی پروپیگنڈا نیٹ ورک اور طالبان ریجیم کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد سامنے آتے ہیں۔وزارت اطلاعات نے مزید بتایا کہ آن لائن صارفین کی جانب سے سخت تنقید اور حقائق سامنے آنے کے بعد افغان طالبان نے یہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ سے حذف کر دی۔حکام کے مطابق دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی سازشوں کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی