i پاکستان

افغان طالبان باز نہ آئے تو ان کا وجود بھی نہیں رہے گا، رانا ثنااللہتازترین

February 28, 2026

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان باز نہ آئے تو ان کا وجود بھی نہیں رہے گا، پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کا دو ٹوک فیصلہ ہے دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ یقین ہونا چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوں گی، سینیٹ اجلاس میں اتفاق رائے سے قرارداد منظور ہوئی اور اب قومی اسمبلی میں بھی متفقہ قرارداد منظور ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بیانیہ بالکل غلط ہے کہ افغان رجیم نے حکومت کا درجہ اختیار کیا، افغان رجیم ایک جتھہ ہے جو بندوق کی طاقت سے مسلط ہے، پاکستان کو جس دہشت گردی کا سامنا ہے اس میں وہ پوری طرح ملوث ہیں۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور آئی ایس پی آر نے ہمیشہ محتاط بات کی جو سچ ثابت ہوئی،صورتحال جیسے ہی واضح ہوگی تو ڈی جی آئی ایس پی آر تفصیلات سے آگاہ کردیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے گئے ہیں ہوسکتا ہے وہ دوبارہ ردعمل دیں لیکن پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کا دو ٹوک فیصلہ ہے دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔دہشت گردوں کے ساتھ کوئی مذاکرات اور بات چیت نہیں ہوسکتی

دہشت گرد جب تک اپنے انجام تک نہیں پہنچ جاتے تب تک مسلح افواج کی کارروائی جاری رہے گی،عسکری قیادت کا عزم واضح ہے کہ اگر یہ باز نہ آئے تو ان کا وجود بھی برقرار نہیں رہے گا، برادر اسلامی ممالک کا بہت احترام ہے ان کو آن بورڈ پہلے بھی لیا گیا اب بھی لیں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ افغان رجیم تمام دہشت گرد تنظیموں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، دنیا میں جو بھی دہشت گرد تنظیم پائی جاتی ہے وہ کابل میں موجود ہے یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستان یا دنیا میں دہشت گردی کرنیوالے افغانستان میں پناہ لیں۔پاکستان پوری دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ کرنے کی جنگ لڑرہا ہے، تمام ممالک کو دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی بھرپور سپورٹ کرنی چاہیے، قطر ہمارا دوست ملک ہے وہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا۔انہوں نے کہا ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوں، سینیٹ کے اجلاس میں آج اتفاق رائے سے قرارداد منظور ہوئی ہے، کوئی سیاسی یا ذاتی مقاصد کیلئے بات کرسکتا ہے لیکن عوام خوش ہیں کہ دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا گیا، پاکستان کے عوام معرکہ حق کی طرح آج بھی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑ ے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی