اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشتگرد گروپوں کی موجودگی پر شدید تشویش ہے،افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سلامتی کونسل میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عاصم افتخار نے کہاکہ افغانستان میں موجود گروہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں، رواں ماہ میں پاکستان میں بی ایل اے اور داعش نے بزدلانہ کارروائیاں کیں، پاکستان میں 2 دہشتگردوں کے حملوں میں 80 معصوم شہری جاں بحق ہوئے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان پر حملوں کیلئے ایک بار پھر افغان سرزمین کو استعمال کیا گیا، افغانستان اپنی سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان نے سلامتی کونسل کی طالبان پر پابندیوں کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرارداد میں واضح ہے افغان سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، افغان عبوری حکومت سے کہتے ہیں وہ دہشت گرد گروپوں کی کارروائیوں کو روکے، افغان عبوری حکومت انسداد دہشت گردی کے وعدوں کو پورا کرے۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران اور خواتین کے حقوق کی پامالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی