i پاکستان

عوام پر دہرا بوجھ،حکومت نے لیوی میں بھی بڑا اضافہ کردیا، نان ٹیکس ریونیو میں مزید اضافہ متوقعتازترین

April 03, 2026

حکومت نے عوام پر دہرا بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرولیم لیوی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کردیا۔حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پیٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔ہائی اوکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کردی گئی، لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے اور فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی۔ رواں مالی سال پیٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونے سے نان ٹیکس ریونیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب لیوی میں اضافے سے کمرشل پروازوں کیلئے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 329 روپے 17 پیسے کا بڑا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ یکم مارچ کو فی لیٹر قیمت 188 روپے تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایئر لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافے کا قوی امکان ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو مسافروں کو آنے والے دنوں میں مزید مہنگے فضائی سفر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی