پی ٹی آ ئی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر فوری اور شفاف عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ سپریم کورٹ کا عمران خان کی آنکھوں کے مکمل چیک اپ کا حکم، ان کی بگڑتی ہوئی صحت اور حراست میں بروقت طبی دیکھ بھال سے انکار کے پارٹی کے دیرینہ خدشات کی توثیق کرتا ہے۔ عمران خان کو فوری طور پر اپنے ذاتی معالج تک رسائی دی جانی چاہیے۔پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ صرف ایک میڈیکل ٹیسٹ کی بات نہیں۔یہ اس بارے میں ہے کہ آیا قانون کی حکمرانی سیاسی مخالفین پر لاگو ہوتی ہے، یا صرف اقتدار میں رہنے والوں کے تحفظ کے لیے ہے۔پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم عدالت کے حکم پر فوری اور شفاف عملدرآمد، اپنی پسند کے ماہرین تک رسائی اور زیر حراست عمران خان زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے حربوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخ دیکھ رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی