اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) کے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران نے 40ویں سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) کے دوران حلف اٹھایا۔ ناصر منصور قریشی نے صدر، عبدالرحمان صدیقی نے سینئر نائب صدر اور ناصر محمود چوہدری نے نائب صدر کے عہدے کا 2024-26 کے لیے حلف اٹھایا۔ ان سے حلف فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے لیا جبکہ آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب میں آئی سی سی آئی کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں نومنتخب صدر ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کے مسائل کو دور کرنے اور ان کے کاروبار کی ترقی میں سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے فاؤنڈر گروپ اور آئی سی سی آئی کے اراکین کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اترنے کا عہد کیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ٹیم کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی اور چیمبر کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے انہیں اکثریتی ووٹ سے منتخب کرنے پر فاؤنڈر گروپ اور آئی سی سی آئی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا ۔ سبکدوش ہونے والے صدر احسن ظفر بختاوری نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور تاجر برادری کے مفادات کو مزید فروغ دینے کی ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے دور میں اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ ان کے جانشین کاروباری برادری کی حمایت میں آئی سی سی آئی کے کردار کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ٹیم کی کامیابیوں کا اعتراف کیا اور ICCI ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کو اکثریتی ووٹ سے منتخب کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی