اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ چیمبر تاجر برادری کا حقیقی نمائندہ ادارہ ہے اور تاجروں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے اس کے ساتھ بلا جھجک رابطہ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ چیمبر کا دورہ کرنے والے مختلف کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر قریشی نے ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کے اہم کردار اور خوشحالی اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے حکومتی تعاون حاصل کرنے کے حق پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری مراکز کے مسائل کہ جن میں تجاوزات کا خاتمہ، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، صفائی ستھرائی اور چوری چکاری کے خاتمے کے لیے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن، (آئی ای ایس سی او)، میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور محکمہ پولیس جیسے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے ۔ انہوں نے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے ٹیکس لگانے کے ایک معقول طریقہ کار کی بھی وکالت کی، موجودہ ٹیکس دہندگان پر زیادہ بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے وہ اس کے آپریشنز کو ڈیجیٹلائز کرنے، ممبرشپ کے طریقہ کار کو ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے، کاروبار میں اضافے کے لیے اسٹارٹ اپس اور خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے وسیع تر اقد امات اٹھا نے کے خواہش مند ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی