i پاکستان

آئی جی پنجاب کی چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایتتازترین

October 08, 2024

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی کے امور زیر غور آئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی۔اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، چینی و غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پراجیکٹس سائٹ سمیت تمام متعلقہ مقامات پر تعینات نفری ہائی الرٹ رہے، چینی انسٹالیشنز پر سی سی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں، بانڈری والز اور مورچوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے سی پی او آفس میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں چائنیز کی رہائش گاہوں، نقل و حرکت اور سفر کو محفوظ تر بنانے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت میں قائم قونصل خانوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں چینی شہریوں، چائنیز انسٹالیشن کی انتظامیہ، فوکل پرسنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں، ایس پیز چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں کی باقاعدگی سے چیکنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ ورکنگ سائٹس اور دفاتر کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں، چینی باشندوں کی حفاظت کیلئے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، کاروباری یا نجی مقاصد کیلئے آنے والے چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس پی یو کے تربیت یافتہ اہلکار چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض پوری فرض شناسی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں، غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی