اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کی کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں 6 مختلف آپریشنز میں 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 61 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر دبئی جانے والی 2 خواتین کے سامان سے 3.8 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح چکلالہ (راولپنڈی) میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 30 گرام ویڈ برآمد ہوئی جب کہ راولپنڈی میں کوریئر آفس میں اسکاٹ لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 29 گرام ویڈ آئل برآمد کرلی گئی۔ ادھر بادامی باغ لاری اڈا لاہور میں کارروائی کے دوران ملزم سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال ائرپورٹ لاہور پر نجی کارگو آفس میں پشاور سے بھیجے گئے پارسل سے 1.3 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ چمن کے علاقے کلی ملک ولی کے غیرآباد علاقے میں چھپائی گئی 52 کلوگرام مارفین برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی