چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی پولیس کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد اسلامک ریلیف پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی پولیس طارق محبوب اور اسلامک ریلیف پاکستان کے سی ای او رضانوریجو بھی موجود تھے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ بیورو کی جانب سے راولپنڈی پولیس کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد راولپندی پولیس کو بچوں سے متعلقہ قوانین اور چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے آگاہی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی ورکشاپ کی بدولت بچوں سے زیادتی اور تشدد کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے راولپنڈی پولیس کے ساتھ مل کر بچوں کے جنسی و جسمانی استحصال سے بچاؤ کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور راولپنڈی پولیس مل کر بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور فوری مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔اس کے علاوہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور اسلامک ریلیف پاکستان کے مابین ایم او یو پر دستخط کئے گئے جس کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور اسلامک ریلیف پاکستان مل کر بچوں کے حقوق کے تحفظ کو ممکن بنائیں گے اور آگاہی مہم سمیت مختلف امور پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی