گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے تعلیم کے شعبے کی ترقی میں اہم پارٹنر ہے۔ محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات ہوئی جس میں تعلیم، تجارت، ماحولیات سمیت دیگر دلچسپی کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں تعلیم اور تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔ بلیغ الرحمان نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، برطانیہ پاکستان کے تعلیم کے شعبے کی ترقی میں اہم پارٹنر ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں برطانوی ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے جامعات کے وائس چانسلرز اور محکمہ ماحولیات سے تجاویز طلب کی ہیں، ان تجاویز کی روشنی میں ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ برطانیہ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔ دوسری جانب ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں تمام دنیا کو درپیش ایک اہم مسئلہ ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی